کراچی: تیل و گیس کے شعبے سے معیشت کیلئے مثبت خبر سامنے آگئی ہے۔
سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے ترکی اور پاکستانی کمپنی میں معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھا گیا جس میں بتایا گیا کہ ایسٹرن آفشور انڈس بلاک سی کیلئے ایگریمنٹ طے پا گیا ہے، پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔
خط کے متن کے مطابق پی پی ایل نے 25 فیصد شراکت داری حصہ اور آپریٹرشپ ترک پیٹرولیم اوورسیز کو منتقل کردی، او جی ڈی سی ایل اور ماری انرجیز بھی منصوبے میں 20 فیصد کے شراکت دار ہیں جبکہ پی پی ایل منصوبے میں 35 فیصد حصہ برقرار رکھے گا۔
پی پی ایل نے خط میں مزید کہا کہ یہ شراکت پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی جانب ایک اہم قدم ہے، شراکت داری پاکستان اور ترکیہ کے طویل مدتی اسٹریٹجک توانائی اتحاد کو مضبوط کرے گی۔
مزید پڑھیں: ملک میں تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آ گئی

