سعودی عرب نے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو بڑا سہارا دیتے ہوئے 3 بلین ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے پاس رکھے گئے 3 بلین امریکی ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ یہ ڈپازٹ 08 دسمبر 2025 کو میچور ہونا تھا جسے اب بڑھا دیا گیا ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق سعودی فنڈ برائے ترقی نے مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے یہ توسیع ایک مسلسل مالی معاونت کے طور پر فراہم کی ہے۔
اس فیصلے سے نہ صرف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی بلکہ ملک کی مجموعی معاشی استحکام اور اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 3 بلین ڈالر کا یہ ڈپازٹ ابتدا میں سال 2021 میں پاکستان کو فراہم کیا گیا تھا جس کے بعد اسے متعدد بار رول اوور کیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ نئی توسیع پاکستان کے لیے مشکل معاشی حالات میں ایک اہم سپورٹ تصور کی جا رہی ہے۔

