اسلام آباد میں عالمی کرپٹو ایکسچینج بائنانس کی سینئر لیڈرشپ نے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
بائنانس کے گلوبل سی ای او رچرڈ ٹینگ کی سربراہی میں وفد نے ڈیجیٹل اثاثہ جات، کرپٹو ریگولیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اجلاس میں شرکت کی۔
ملاقات میں پاکستان میں محفوظ، شفاف اور عالمی معیار کے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے قوانین پر پیش رفت، سرمایہ کاری کے مواقع، ٹیکنالوجی کے فروغ اور عالمی فنانس سسٹم سے ہم آہنگی کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
بائنانس کا پاکستان کے ساتھ تعاون پر اظہارِ اطمینان
بائنانس قیادت نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط کرنے اور کرپٹو مارکیٹ کی منظم نگرانی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وفد نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم اور نوجوانوں کی استعداد کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
اجلاس میں چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے بھی شرکت کی اور اتھارٹی کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے نئے ضابطہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی عالمی معیار کے ریگولیٹری فریم ورک پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستان میں کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کو محفوظ انداز میں فروغ دینا ہے۔
ڈیجیٹل اثاثہ جات کے مستقبل پر اتفاق
حکومت اور بائنانس وفد نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی، ٹیکنالوجی میں تیزی سے بڑھتی مہارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ملک کو ڈیجیٹل فنانس کا علاقائی مرکز بنا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اکانومی کے لیے مضبوط پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔


















