کراچی: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ مجموعی ذخائر 19 ارب 61 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں مزید بہتری آئی ہے اور مجموعی ذخائر میں 2 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تازہ اضافے کے بعد ملکی فارن ایکسچینج ریزرو 19 ارب 61 کروڑ 22 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جب کہ مرکزی بینک کے ذخائر میں بھی مضبوطی کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں ہفتے 1 کروڑ 17 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 14 ارب 58 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شیڈول بینکوں کے فارن ایکسچینج ریزرو میں 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر بڑھ کر 5 ارب 2 کروڑ 57 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

















