کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جاری کاروباری ہفتے کے دوران مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی گئی اور اسٹاک مارکیٹ نے نئی بلندیاں چھو لیں۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے بھر کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 2,779 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 167,085 پوائنٹس سے بڑھ کر 169,864 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ہفتے کے دوران مارکیٹ نے دو نفسیاتی حدیں دوبارہ بحال کیں، پانچ روزہ کاروبار میں مارکیٹ میں 3 دن تیزی جبکہ 2 دن مندی رہی۔
اس کے علاوہ کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس نے 170,697 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا جبکہ ہفتے کی کم ترین سطح 167,386 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
پانچ روزہ کاروبار کے دوران مارکیٹ کی مجموعی کیپٹلائزیشن میں 282 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن بڑھ کر 19,321 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
اسٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے کے دوران 48.38 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف قسط کی منظوری کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا۔




















