Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شرح سود میں 50 بیسز پوائنٹس کمی، وزیراعظم کا اظہارِ اطمینان

حکومت معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، شہباز شریف

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پالیسی ریٹ میں 50 بیسز پوائنٹس کی کمی کر دی ہے، جس کے بعد شرح سود 10.50 فیصد پر آ گئی ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے معاشی اشاریوں اور مستقبل کے منظرنامے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔

معاشی حلقوں میں عمومی توقع یہ تھی کہ شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھی جائے گی، تاہم اسٹیٹ بینک کے فیصلے نے مارکیٹ کو حیران کر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2025 میں اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس کی کمی کی تھی، جس کے بعد مسلسل کئی اجلاسوں میں پالیسی ریٹ 11 فیصد پر برقرار رہا تھا۔

ادھر اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرح سود میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو کاروباری برادری اور عام شہریوں کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشیں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکریٹری خزانہ اور ان کی ٹیم کی معاشی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو چکا ہے اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے کاروباری برادری اور عوام نے قربانیاں دیں، جن کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی اور کم لاگت پر قرضوں کی دستیابی سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا، جس سے روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں