Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ نومبر 2025 میں 100 ملین ڈالر سرپلس میں تبدیل

نومبر میں مجموعی برآمدات 3.09 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 10 فیصد سے زائد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

کراچی: پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ نومبر 2025 کے دوران 100 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر 2025 میں سامنے آنے والے 291 ملین ڈالر کے خسارے کے بعد ایک نمایاں بہتری ہے۔ اکتوبر کا خسارہ ابتدا میں 112 ملین ڈالر بتایا گیا تھا تاہم بعد ازاں اس میں نظرثانی کی گئی۔

نومبر 2025 کا یہ سرپلس نومبر 2024 میں ریکارڈ کیے گئے 684 ملین ڈالر کے سرپلس کے بعد سامنے آیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیرونی کھاتوں پر دباؤ میں وقتی کمی آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس سرپلس کی بڑی وجہ درآمدی بل میں نمایاں کمی ہے۔ نومبر 2025 کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات 3.09 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ ماہ 3.44 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد سے زائد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

دوسری جانب مجموعی درآمدات نومبر 2025 میں 5.68 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو سالانہ بنیاد پر تقریباً 12 فیصد کم ہیں جب کہ اکتوبر 2025 میں درآمدات کا حجم 6.43 ارب ڈالر تھا۔ درآمدات میں اس کمی نے کرنٹ اکاؤنٹ کے توازن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

نومبر 2025 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم (ورکرز ریمیٹنس) 3.19 ارب ڈالر رہیں جو اکتوبر 2025 میں 3.42 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد ماہانہ کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ مجموعی طور پر 812 ملین ڈالر خسارے میں رہا جب کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 503 ملین ڈالر کا سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔