اسلام آباد: عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن (پی آئی اے) کو 135 ارب روپے میں خرید لیا۔
عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگاکر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خرید لیے۔
بولی کا پہلا مرحلہ
اس سے قبل بولی کے پہلے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے 101.5 ارب روپے کی بولی لگائی جب کہ ائیربلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی لگائی ۔
عارف حبیب کنسورشیم گروپ نے 115 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی لگائی۔
بولی کا دوسرا مرحلہ
دوسرے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے 120.25 ارب روپے کی نئی بولی لگائی جب کہ عارف حبیب کنسورشیم نے 121 ارب روپے کی نئی بولی لگائی۔
خیال رہے کہ کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کیلئے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔ پی آئی اے کے کل اثاثے 150 سے 190 ارب روپے کے درمیان ہیں جب کہ قومی ایئرلائن کے پاس 34 طیارے، 18 آپریشنل اور 16 گراؤنڈ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے روزانہ 70 پروازیں، 45 بین الاقوامی اور 25 ملکی روٹس پر چلاتی ہے، اس وقت پی آئی اے 18 انٹرنیشنل اور 13 ڈومیسٹک روٹس پر فعال ہیں۔
پی آئی اے ملازمین کو ایک سال کا تحفظ
پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد ساڑھے 9 ہزار، نئے خریدار کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ دینا ہوگا، قومی ایئرلائن کی یومیہ آمدن 600 سے 800 ملین روپے کے درمیان ہے جب کہ جنوری تا جون 2025 میں پی آئی اے کی آمدن 112 ارب روپے رہی۔
یاد رہے کہ کامیاب خریدار کو نئے جہازوں کی خریداری پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا، پی آئی اے کے ایف بی آر اور ایوی ایشن واجبات خریدار ادا نہیں کرے گا جب کہ پی آئی اے کو ایف بی آر کے 26 ارب اور ایوی ایشن کے 7 ارب ادا کرنا ہیں۔



















