پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا زبردست رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کر دی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1570 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ نے 1 لاکھ 71 ہزار اور 1 لاکھ 72 ہزار کی دو اہم نفسیاتی حدیں بحال کر لیں۔
ٹریڈنگ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 172,400 پوائنٹس پر بند ہوا، جبکہ کاروبار کے دوران انڈیکس 172,582 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن میں انڈیکس 170,830 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مارکیٹ میں آج مجموعی طور پر 28 ارب روپے مالیت کے 34 کروڑ سے زائد حصص کے سودے ہوئے، جبکہ 562 کمپنیوں کے شیئرز میں لین دین دیکھنے میں آیا۔
ان میں سے 221 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 229 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر اور دیگر اہم شعبوں میں بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور مثبت معاشی اشاریوں کی عکاسی کرتی ہے۔




















