Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

2025؛ پاور ڈویژن کی کارکردگی رپورٹ، تاریخی ریلیف اور 3400 ارب کا بوجھ ختم

آئی پی پیز سے کامیاب مذاکرات کے ذریعے صارفین اور قومی خزانے پر بوجھ کم کیا گیا۔

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس میں بجلی کے شعبے میں کی گئی اصلاحات، صارفین کو دیے گئے ریلیف اور مالی نظم و ضبط کے نمایاں نتائج سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی پی پیز سے کامیاب مذاکرات کے ذریعے صارفین اور قومی خزانے پر مجموعی طور پر 3400 ارب روپے کا بوجھ ختم کیا گیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی 35.8 روپے فی یونٹ جب کہ صنعتی صارفین کے لیے 68.16 روپے فی یونٹ تک سستی ہوچکی ہے۔ اسی طرح ناکارہ پاور پلانٹس کی بندش سے بجلی صارفین پر 7 ارب روپے کا اضافی بوجھ اتار دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے 98.22 روپے کا خصوصی پیکج متعارف کروایا گیا جب کہ ساڑھے نو ہزار میگاواٹ کے غیر ضروری بجلی منصوبے ختم کرکے عوام کو ایک روپے فی یونٹ کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بغیر کسی نئے قرض کے گردشی قرضے میں 780 ارب روپے کی کمی لائی گئی جب کہ بجلی بلوں میں پی ٹی وی فیس کی مد میں وصول کیے جانے والے 35 روپے بھی ختم کردیے گئے۔

سال 2025 میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا آغاز کیا گیا جب کہ الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 44 فیصد کمی کی گئی۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بل معاف اور ادائیگیوں میں خصوصی رعایت بھی دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ ایپ کے ذریعے میٹر ریڈنگ کا اختیار براہِ راست صارفین کو دیا گیا جب کہ 118 ہیلپ لائن کے آغاز سے سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام کے ساتھ یکساں سلوک ممکن بنایا گیا۔

مسابقتی اور شفاف بولی کے باعث اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں 40 فیصد کمی آئی جس سے خریداروں کو سالانہ 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ متوقع ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں 55 فیصد ماحول دوست بجلی کی پیداوار کے ساتھ پاکستان خطے میں گرین انرجی کا لیڈر بن چکا ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ بھی عوام اور صنعتی صارفین کو بین الاقوامی معیار اور قیمت پر بجلی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

رپورٹ کے اختتام پر کہا گیا کہ ان شاء اللہ 2026 میں بھی بجلی کے شعبے میں بے مثال کارکردگی کا سفر جاری رہے گا۔