Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ

ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 3.87 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.25 فیصد مزید اضافہ ہوا جب کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 3.87 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء مہنگی ہوئیں جب کہ 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 18 روپے مہنگے ہوئے۔ اسی طرح ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 240.59 روپے مہنگا ہوگیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 76.78 روپے مزید مہنگا ہوا جس سے عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلومبرگ نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور بہتر معاشی استحکام کا اعتراف کر لیا

ایک ہفتے کے دوران انڈے فی درجن 7 روپے سے زائد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ جلانے کی لکڑی، چینی اور بچوں کا دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

دوسری جانب ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے کے دوران آلو اور پیاز فی کلو 3 روپے سے زائد سستے ہوئے۔ اسی طرح چکن فی کلو 7.44 روپے تک سستا ہوا۔

نمک، گڑ، چاول، دال ماش اور دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں تاہم مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔