Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

کاروبار کے اختتام پر مجموعی طور پر 2 ہزار 662 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے کاروباری ہفتے کے دوران بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، جہاں پہلی بار کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 87 ہزار 761 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا۔

کاروباری دن کے دوران مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس نے دورانِ تجارت دو اہم نفسیاتی حدیں بھی عبور کیں۔

کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 2 ہزار 662 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مارکیٹ سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آج اسٹاک ایکسچینج میں 47 ارب روپے سے زائد مالیت کے 45 کروڑ حصص کے سودے ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 562 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 278 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 167 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، باقی کمپنیوں کے شیئرز میں استحکام دیکھا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری سیشن میں کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 85 ہزار 98 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جس کے مقابلے میں آج نمایاں بہتری سامنے آئی۔

مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، پاور جنریشن اور ریفائنری سیکٹرز میں بھرپور خریداری کے باعث دیکھنے میں آیا جس نے مجموعی طور پر مارکیٹ کو مضبوط سہارا دیا۔