Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر خزانہ کی ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی برآمدات اور روزگار کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کرنے اور صنعت سے مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرادی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی برآمدات اور روزگار کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت اس شعبے کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے۔

یہ بات وزیر خزانہ نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل صنعت کو درپیش توانائی، ٹیکس اور ریگولیٹری اخراجات سمیت مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت منصفانہ، شفاف اور قابلِ پیش گوئی پالیسی ماحول برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ برآمدی صنعت کو استحکام مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدی شعبے کے لیے کاروباری لاگت کم کرنے کے اقدامات زیر غور ہیں جب کہ توانائی کی قیمت اور بلا تعطل فراہمی ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ توانائی شعبے میں اصلاحات صنعتی پیداوار کے تحفظ اور برآمدی اہداف کے حصول کے لیے جاری ہیں جب کہ فوری نوعیت کے صنعتی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقوں میں آپریشنل رکاوٹوں کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جارہا ہے۔

اس موقع پر اپٹما وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی منڈی میں سخت مسابقت کے باعث ٹیکسٹائل برآمد کنندگان شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ وفد نے توانائی، ٹیکس اور ریگولیٹری اخراجات کو مسابقت میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے پالیسی میں تسلسل اور استحکام پر زور دیا۔

اپٹما کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ حکومت اور صنعت کے درمیان تعمیری مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ برآمدی ترقی اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ برآمدی صنعت کے فروغ اور روزگار کے تحفظ کے لیے حکومتی تعاون جاری رہے گا اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔