اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے فروری 2026 کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت ایل پی جی فی کلو قیمت میں 6 روپے 37 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلو گرام گھریلو ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 75 روپے 21 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سلینڈر کی نئی قیمت 2667 روپے 40 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
اس سے قبل جنوری 2026 میں 11.8 کلو گرام ایل پی جی سلینڈر کی قیمت 2592 روپے 19 پیسے تھی۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ ایل پی جی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں سعودی آرامکو سی پی میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے جس کا اثر مقامی قیمتوں پر بھی پڑا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری 2026 سے ہوگا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اور تجارتی شعبے پر مہنگائی کا مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔



















