Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ازبکستان کا تجارت، سرمایہ کاری اور رابطہ کاری تیز کرنے پر اتفاق

گزشتہ سال پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 10 فیصد اضافہ ہوا

پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے اقتصادی تعاون کو عملی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ازبکستان کے وزیر تجارت لذیز قدرتوف کے درمیان اہم ملاقات میں ہوا۔ ملاقات میں پاکستان–ازبکستان اقتصادی تعاون کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے پر زور دیا گیا۔

فریقین کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 10 فیصد اضافہ ہوا، جس میں ازبکستان کی پاکستان سے درآمدات میں 12 فیصد جبکہ برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے دو ارب ڈالر دوطرفہ تجارت کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔

ترجیحی تجارتی فریم ورک کے تحت مصنوعات کی فہرست 34 سے بڑھا کر 92 کرنے میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ ازبکستان میں اس وقت 228 پاکستانی کمپنیاں فعال ہیں جبکہ گزشتہ سال 80 نئی پاکستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

مزید پڑھیں: سہ ملکی ریلوے پروجیکٹ میں اہم پیشرفت، پاکستان، افغانستان اور ازبکستان نے فریم ورک پر دستخط کر دیے

ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان براہِ راست فضائی پروازوں میں نمایاں اضافے کا بھی ذکر کیا گیا۔ اسلام آباد اور لاہور سے ہفتہ وار پروازیں جاری ہیں جبکہ کراچی سے پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

فریقین نے متبادل تجارتی راستوں، شمالی کوریڈور کے استعمال اور پاکستان، چین اور وسطی ایشیا کے درمیان “گرین کوریڈور” کی تجویز پر بھی مشاورت کی۔ اس کے علاوہ کان کنی، معدنیات، خوراک اور زراعت میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک نے قریبی فالو اپ، نجی شعبے کے درمیان روابط اور B2B تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔