رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ نمایاں طور پر بڑھ گیا، جبکہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ماہانہ تجارتی اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا جنوری تجارتی خسارے میں 28.22 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی خسارہ 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں درآمدات میں 9.42 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 7.09 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی تا جنوری درآمدات کا حجم 40 ارب 23 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ برآمدات 18 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک محدود رہیں۔
مزید پڑھیں: رواں مالی سال کے چار ماہ میں تجارتی خسارہ 38 فیصد سے بڑھ گیا
اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2026 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا۔ اس ماہ درآمدات 5 ارب 78 کروڑ 60 لاکھ ڈالر اور برآمدات 3 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں۔
تاہم ماہانہ بنیادوں پر کچھ بہتری بھی دیکھی گئی، جہاں ایک ماہ میں تجارتی خسارہ 28.53 فیصد کم ہوا۔ اسی دوران برآمدات میں 34.96 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 4.85 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔



















