Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیمنٹ کی برآمدات میں 61 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ

سیمنٹ انڈسٹری نے سال کے آغاز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اے پی سی ایم اے

کراچی: سیمنٹ سیکٹر سے اچھی خبر سامنے آئی ہے، جہاں جنوری 2026 کے دوران سیمنٹ کی فروخت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سیمنٹ انڈسٹری نے سال کے آغاز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اے پی سی ایم اے نے بتایا کہ جنوری 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 45 لاکھ 38 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال جنوری 2025 میں فروخت ہونے والے 40 لاکھ 32 ہزار ٹن کے مقابلے میں 12.54 فیصد زیادہ ہے۔

مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جہاں جنوری 2026 کے دوران 36 لاکھ 1 ہزار ٹن سیمنٹ فروخت ہوا جب کہ جنوری 2025 میں یہ مقدار 34 لاکھ 50 ہزار ٹن تھی۔ اس طرح سال بہ سال بنیاد پر مقامی فروخت میں 4.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سب سے نمایاں اضافہ سیمنٹ کی برآمدات میں سامنے آیا ہے۔ جنوری 2026 میں برآمدی فروخت میں 61.1 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں برآمدی حجم جنوری 2025 کے 5 لاکھ 81 ہزار 691 ٹن سے بڑھ کر جنوری 2026 میں 9 لاکھ 37 ہزار 97 ٹن تک پہنچ گیا۔

مالی سال 2025-26 کے ابتدائی سات ماہ یعنی جولائی سے جنوری کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی اور برآمدی) 3 کروڑ 5 لاکھ 83 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فروخت ہونے والے 2 کروڑ 76 لاکھ 56 ہزار ٹن کے مقابلے میں 10.58 فیصد زیادہ ہے۔

اسی عرصے کے دوران مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 2 کروڑ 50 لاکھ 15 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئی جب کہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی سات ماہ میں یہ فروخت 2 کروڑ 22 لاکھ 64 ہزار ٹن تھی، یوں مقامی فروخت میں 12.36 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔