اسلام آباد میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں کابینہ کمیٹی برائے اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز (سی سی او ایس او ایز) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد کلیدی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ کمیٹی نے ایگزم بینک پاکستان کی پروکیورمنٹ پالیسی 2025 کی منظوری دے دی ہے۔ پالیسی کو ایس او ای ایکٹ 2023 اور پیپرا قوانین سے ہم آہنگ قرار دیا گیا ہے، جبکہ یہ عالمی سی آئی پی ایس معیارات کے مطابق ہوگی۔
اجلاس میں وزارتِ تجارت کی جانب سے پیش کی گئی مختلف بورڈ تقرریوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق نیشنل انشورنس کمپنی میں چیئرمین بورڈ، اسٹیٹ لائف انشورنس کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر، اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹر کی تقرری منظور کر لی گئی ہے۔
کمیٹی نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کا بزنس پلان بھی منظور کر لیا۔ اجلاس میں پی ٹی ڈی سی کو ایک محدود مگر مؤثر ’’سینٹر آف ایکسی لینس‘‘ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جو برانڈ پاکستان کے فروغ اور سیاحت کے شعبے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی ڈی سی کے اثاثہ جات اور فنڈنگ سے متعلق علیحدہ سمری پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔




















