Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں نئے ڈیزائن کی کرنسی متعارف کرانے کی تیاری

نئے کرنسی نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

ملک میں جلد 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، تاہم حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کرنسی کے نئے ڈیزائن سے متعلق سفارشات وفاقی کابینہ کو بھجوا دی گئی ہیں، جن پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے اس سے متعلق قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکزی بینک نے نئے نوٹوں پر تفصیلی کام مکمل کر کے تجاویز وزارتِ خزانہ کو ارسال کیں، جنہیں اسٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد کابینہ کو بھیجا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے کاغذی کرنسی کی جگہ پلاسٹک کرنسی لانے کا فیصلہ کر لیا

گورنر اسٹیٹ بینک نے واضح کیا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ جعلسازی اور نقلی نوٹوں کی روک تھام کی جا سکے۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پانچ ہزار روپے کا نوٹ ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے ڈیزائن کے نوٹوں کے اجرا یا منظوری کا حتمی اختیار وفاقی کابینہ کے پاس ہے اور فی الوقت یہ معاملہ کابینہ میں زیر غور ہے، تاہم ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین کے سوال پر گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ نئے ڈیزائن کے نوٹوں کو ان کیمرہ اجلاس میں کمیٹی کو دکھایا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے قائمہ کمیٹی خزانہ کا آئندہ اجلاس ان کیمرہ منعقد کیے جانے کا امکان ہے، جس میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔