Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی سمیت ملک بھر کے گھریلو بجلی صارفین کیلئے بری خبر

پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی منظوری

اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے گھریلو بجلی صارفین کے لیے بری خبر سامنے آگئی ہے۔

 وفاقی کابینہ نے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی فکسڈ چارجز کی زد میں آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ 100 یونٹ تک 200 روپے جبکہ ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 300 روپے فکسڈ چارجز مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ 100 یونٹ تک 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے 350 روپے فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 400 یونٹ تک فکسڈ چارجز میں 200 روپے اضافے کے بعد 400 روپے، 500 یونٹ تک 100 روپے اضافے کے بعد 500 روپے اور 600 یونٹ تک 75 روپے اضافے کے بعد 675 روپے فکسڈ چارجز کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فکسڈ چارجز میں 125 روپے کمی کے بعد 675 روپے اور 700 یونٹ سے زائد استعمال پر فکسڈ چارجز میں 325 روپے کمی کے بعد 675 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے ملک بھر کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ماہانہ 400 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ 1 روپے 53 پیسے، 500 یونٹ تک فی یونٹ 1 روپے 25 پیسے، 600 یونٹ تک فی یونٹ 1 روپے 40 پیسے، 700 یونٹ تک فی یونٹ 91 پیسے اور 700 یونٹ سے زائد استعمال پر فی یونٹ 49 پیسے کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 5 کلو واٹ یا اس سے زائد لوڈ رکھنے والے کمرشل صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 1 روپے 15 پیسے سستی کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

وفاقی حکومت نے بنیادی ٹیرف اور فکسڈ چارجز میں رد و بدل کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی ہے جبکہ نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر 10 فروری کو سماعت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔