Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غیر ملکی کمپنیوں کے انخلا کی خبریں بے بنیاد، پاکستان میں سرمایہ کاری جاری ہے: ایس ای سی پی

صرف جنوری 2026 میں 82 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی

پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کے انخلا سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے  ایس ای سی پی  نے واضح کیا ہے کہ اعداد و شمار کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

ایس ای سی پی کے مطابق 2022 سے 2025 کے دوران صرف 19 غیر ملکی کمپنیاں بند ہوئیں، جبکہ اسی مدت میں 79 نئی غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کروائی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ بعض رپورٹس میں 125 کمپنیوں کے بند ہونے کا ذکر کیا گیا، حالانکہ یہ تعداد 1977 سے اب تک بند ہونے والی کمپنیوں کی مجموعی تعداد ہے۔

ریگولیٹر نے بتایا کہ اس کی ویب سائٹ پر موجود ریکارڈ میں ہر کمپنی کے بند ہونے کا سال واضح طور پر درج ہے، تاہم ڈیٹا کو بدنیتی کے ساتھ گمراہ کن انداز میں پیش کیا گیا جس سے غلط تاثر پیدا ہوا۔

ایس ای سی پی کے مطابق اس وقت پاکستان میں 1,157 غیر ملکی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں اور سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔

صرف جنوری 2026 میں 82 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جس میں چین، امریکا، برطانیہ، ترکی، آسٹریلیا اور جرمنی کے سرمایہ کار شامل ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا کہ غلط رپورٹنگ سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور درست اعداد و شمار کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔