ہنڈائی نشاط موٹرز پاکستان نے اپنی فلیگ شپ ایس یو وی، ہنڈائی پالیسیڈ کی قیمتوں اور بکنگ کی تفصیلات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ گاڑی دو ہائبرڈ ویرینٹس میں لانچ کی گئی ہے، جبکہ بکنگ 24 فروری سے شروع ہو گئی ہے اور ترسیل اس سال کے آخر میں متوقع ہے۔
پالیسیڈ ہنڈائی کی مقامی مارکیٹ میں سب سے پریمیم اور مہنگی پیشکش بن گئی ہے۔ یہ گاڑی پاکستان میں اسمبل کی جائے گی، جو ہنڈائی کے عالمی نقشے پر پاکستان کو فلیگ شپ ایس یو وی کی پیداوار کے لیے شامل کرنے کا ایک قدم ہے۔
ہنڈائی پالیسیڈ ویرینٹس اور قیمتیں
اس لانچ کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ہنڈائی نے پالیسیڈ کو مقامی طور پر مکمل طور پر ناکڈ ڈاؤن (CKD) فارم میں اسمبل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے ساتھ پاکستان جنوبی کوریا کے بعد وہ پہلا ملک بن گیا ہے جہاں پالیسیڈ مقامی طور پر اسمبل کی جائے گی۔ دنیا کے بیشتر دیگر مارکیٹس میں یہ ایس یو وی مکمل طور پر درآمد شدہ ماڈل کے طور پر فروخت کی جاتی ہے۔
پالیسیڈ 2.5 لیٹر ٹربو ہائبرڈ انجن سے لیس ہے جو 329 ہارس پاور اور 460 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔ یہ توازن پاکستان میں خریداروں کے لیے اہم ہوتا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ درج ذیل ہے۔
پالیسیڈ اسمارٹ : اس ورینٹ کی قیمت تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
پالیسیڈ کیلیگرافی: اس ٹاپ لائن ورینٹ کی قیمت تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
تاہم اس لگژری گاڑی کو 30لاکھ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کے ساتھ بک کروایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ایکس فیکٹری قیمتیں ہیں، جن میں CVT، NEV لیوی اور ایڈوانس انکم ٹیکس شامل نہیں ہیں، یہ ٹیکسز گاڑی کی حتمی قیمت میں اضافی طور پر شامل کیے جائیں گے۔

















