Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تیل و گیس تلاش کا دائرہ وسیع، 11 نئے بلاکس ایوارڈ، اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع

ان بلاکس میں بلوچستان کے 8، سندھ کے 2 اور پنجاب کا ایک بلاک شامل ہے۔

حکومت نے تیل و گیس کی تلاش کے لیے ملک کے مختلف علاقوں میں 11 نئے بلاکس ایوارڈ کردیے ہیں جن سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

علی پرویز ملک کی موجودگی میں پیٹرولیم کنسیشن معاہدوں اور تلاش کے لائسنسز پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے اہم پیش رفت کا اعلان کیا گیا۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق ان معاہدوں کے تحت آئندہ تین سال میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں پر تقریباً 8 ارب 66 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی جب کہ 27 کروڑ 60 لاکھ روپے سماجی بہبود کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔

کن کمپنیوں کو بلاکس دیے گئے

یہ بلاکس او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور پرائم گلوبل انرجیز کو ایوارڈ کیے گئے ہیں۔

ان بلاکس میں بلوچستان کے 8، سندھ کے 2 اور پنجاب کا ایک بلاک شامل ہے، جہاں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کی جائے گی۔

سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ معاہدے ملکی وسائل کی تلاش اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف توانائی کے شعبے کو مضبوطی ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیشرفت پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا مظہر ہے اور حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

حکومت کو امید ہے کہ ان منصوبوں سے ملکی توانائی کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب اہم پیشرفت حاصل ہوگی۔