Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرول بحران کا خدشہ؟ حکومت کا ہنگامی اجلاس، روزانہ نگرانی کا بڑا فیصلہ

کمیٹی کے مطابق اب روزانہ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اسٹاک و قیمتوں کا ریئل ٹائم جائزہ لیا جائے گا

خطے میں کشیدہ صورت حال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر وزیراعظم کی جانب سے پیٹرول قیمتوں کی نگرانی کیلئے قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جس میں توانائی مارکیٹ کا ہنگامی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے توانائی مارکیٹ کی نگرانی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے روزانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے اپنے دائرہ اختیار سے متعلق تمام امور کا جامع جائزہ لیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ملک کی توانائی سپلائی چین مکمل طور پر مستحکم ہے۔ کمیٹی نے عالمی تیل قیمتوں اور سپلائی روٹس پر روزانہ نگرانی کا بھی فیصلہ کیا۔

اجلاس میں آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال کو عالمی توانائی کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا گیا۔ اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ طویل کشیدگی کی صورت میں پاکستان کی توانائی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، تاہم حکومت مکمل تیاری میں ہے۔

کمیٹی کے مطابق اب روزانہ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اسٹاک و قیمتوں کا ریئل ٹائم جائزہ لیا جائے گا۔ ایل این جی اور ایل پی جی کی سپلائی، شپمنٹس اور ٹرمینل آپریشنز کی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو باہمی ہم آہنگی تیز کرنے اور ذخائر کی بروقت تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قیمتوں کے اثرات شفاف اور منظم طریقے سے عوام تک منتقل کیے جائیں گے۔

حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ توانائی سپلائی محفوظ ہے اور عوام پریشان نہ ہوں، جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے جامع متبادل منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔

متعلقہ خبریں