پاکستان میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری کا اشارہ ملتا ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق فروری کے دوران 3,444 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 287,049 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی 82 کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری بھی شامل ہے۔ ان کمپنیوں میں چین سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں نے 44 کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی۔
اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ، جرمنی اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں نے خاص طور پر مائننگ، ٹریڈنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئی کمپنیاں رجسٹر کروائیں۔
صوبوں اور علاقوں کے اعتبار سے رجسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1,696، اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کے شعبے میں 723 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں جبکہ ٹریڈنگ میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں 323 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں۔
علاوہ ازیں مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز سمیت دیگر شعبوں میں بھی نئی کاروباری سرگرمیاں سامنے آئیں۔


















