زکوٰۃ اسلام کے بنیادی فرائض میں سے ایک اہم فریضہ ہے جس کی ادائیگی صاحبِ نصاب مسلمان پر واجب ہوتی ہے۔ مالی عبادت ہونے کے باعث زکوٰۃ نہ صرف معاشرتی فلاح و بہبود کا ذریعہ ہے بلکہ ضرورت مند افراد کی مدد اور معاشی توازن برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق زکوٰۃ کا صحیح حساب اور نصاب کی درست معلومات ہر صاحبِ حیثیت مسلمان کے لیے ضروری ہیں تاکہ وہ اپنی شرعی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کر سکے۔
زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے صاحبِ نصاب ہونا شرعاً ضروری ہے۔ صاحبِ نصاب وہ شخص شمار ہوتا ہے جس کے پاس ساڑھے 7 تولہ یا اس سے زائد سونا، یا ساڑھے 52 تولہ یا اس سے زائد چاندی موجود ہو۔
اسی طرح اگر کسی کے پاس بنیادی ضروریات سے زائد نقد رقم یا مالِ تجارت ہو جس کی مجموعی مالیت ساڑھے 52 تولہ چاندی کی قیمت کے برابر یا اس سے زیادہ ہو تو وہ بھی صاحبِ نصاب شمار ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کے پاس مختلف اقسام کا مال موجود ہو، مثلاً سونا، چاندی یا نقد رقم، تو ان سب کی مجموعی مالیت کا حساب لگایا جائے گا اور کسی شخص پر ایسا قرض نہ ہو جسے منہا کرنے کے بعد باقی بچنے والا مال نصاب سے کم ہو جائے تو اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق جس تاریخ کو کسی شخص کی ملکیت میں نصاب کے برابر مال آجاتا ہے، اسی تاریخ سے وہ صاحبِ نصاب شمار ہوگا۔ اس کے بعد قمری کیلنڈر کے مطابق ایک سال مکمل ہونے پر اگر وہ شخص بدستور صاحبِ نصاب رہے تو اس پر زکوٰۃ ادا کرنا لازم ہوگی۔
سال کے دوران مال میں کمی یا زیادتی کا اثر زکوٰۃ کے حساب پر نہیں پڑتا، تاہم اگر ملکیت میں موجود مال مکمل طور پر ختم ہو جائے تو دوبارہ نصاب کے حساب سے سال شمار کیا جائے گا۔
زکوٰۃ کی ادائیگی کے وقت مالک کے پاس موجود بنیادی ضروریات سے زائد نقد رقم، سونا، چاندی اور مالِ تجارت کی مجموعی قیمت نکال کر اس کا ڈھائی فیصد زکوٰۃ ادا کرنا ضروری ہے۔ اگر قابلِ وصول ادائیگیاں (receivables) موجود ہوں تو انہیں بھی مالِ تجارت میں شامل کیا جائے گا۔
زکوٰۃ کی مقدار معلوم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ مجموعی مالیت کو 40 سے تقسیم کر دیا جائے، حاصل ہونے والی رقم واجب الادا زکوٰۃ ہوگی۔



















