Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین گراوٹ، 13 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی

کاروباری سرگرمیوں میں 33 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ اور 386 کمپنیوں کے حصص میں کمی ریکارڈ کی گئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی، جس دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 13 ہزار سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

مارکیٹ کا کاروبار اختتام پذیر ہونے پر ہنڈریڈ انڈیکس 11 ہزار 15 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 46 ہزار 480 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دن کے دوران انڈیکس نے 1 لاکھ 50 ہزار کی بلند سطح سے 1 لاکھ 44 ہزار 419 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک کی گردش دیکھی۔

مارکیٹ میں 32 ارب روپے مالیت کے 37 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا۔ کاروباری سرگرمیوں میں 33 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ اور 386 کمپنیوں کے حصص میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

گراوٹ صبح سے جاری، کاروبار کی معطلی و بحالی

مارکیٹ میں بھاری فروخت کے دباؤ کے باعث بینچ مارک KSE-100 انڈیکس ابتدائی منٹوں میں ہی 6 فیصد سے زائد گر گیا۔ صبح تقریباً 9:22 بجے تک انڈیکس 9,780 پوائنٹس یا 6.21 فیصد کمی کے بعد 147,715 پوائنٹس کی سطح تک آ گیا۔

شدید گراوٹ کے باعث مارکیٹ میں مارکیٹ ہالٹ (Market Halt) ٹرگر ہوگیا جس کے بعد کچھ وقت کے لیے ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار مندی، مارکیٹ منفی زون میں بند

تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر فروخت شروع کی جس سے مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار ہوگئی۔

دوسری جانب سرمایہ کاروں کی نظریں آج ہونے والے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس پر بھی مرکوز ہیں، جہاں شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات کے باعث مارکیٹ میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔