مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے اور 7 فیصد اضافے کے بعد فی بیرل قیمت 94 ڈالر 45 سینٹس تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی تقریباً 8 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 100 ڈالر 18 سینٹس کے قریب ٹریڈ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: خطرے کی گھنٹی بج گئی، آبنائے ہرمز سے ایک لیٹر تیل نہیں گزرنے دیں گے، ایران کی دھمکی
ادھر عالمی مارکیٹس میں بے یقینی کے باعث ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے جبکہ امریکی مارکیٹس کے بڑے انڈیکس بھی دباؤ میں ہیں۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ بھی عالمی اور ایشیائی مارکیٹس کے اثرات کے باعث منفی زون میں چلی گئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1584 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 55 ہزار کی نفسیاتی حد کھو بیٹھا۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس کم ہو کر 1 لاکھ 54 ہزار 274 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ گزشتہ کاروباری روز انڈیکس 1 لاکھ 55 ہزار 858 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


















