مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہیں۔
عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) تقریباً 96 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہورہا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق امریکا نے عالمی توانائی منڈی میں استحکام لانے کے لیے روس سے تیل خریدنے کی عارضی اجازت دے دی ہے, یہ اجازت صرف اس روسی تیل پر لاگو ہوگی جو اس وقت سمندر میں موجود ہے۔
امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عالمی توانائی مارکیٹ میں اچانک پیدا ہونے والے دباؤ کو کم کرنا ہے اور اس سے روس کو خاطر خواہ مالی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں تیل اور گیس کی پیداوار ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے اور توانائی کے شعبے میں یہ اضافہ طویل مدت میں امریکی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔


















