وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے، قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ اپنے وعدے کے مطابق جس قدر ہوسکا، ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے.
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کے لئے مناسب مقدار میئسر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنارہی ہیں۔ دعا گو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔




















