پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (PAA) نے نوٹم جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 17 مارچ کو صبح 8:30 سے 10:30 بجے تک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام فلائٹ آپریشن معطل رہیں گے۔
اس دوران ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند رہے گی۔
PAA کے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ اس معطلی کے دوران لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں بعض فضائی راستے بھی دستیاب نہیں ہوں گے، جس کے باعث پروازوں میں ممکنہ تاخیر متوقع ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے تمام ایئرلائنز کو اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ ممکنہ تاخیر کے دوران پروازیں متاثر نہ ہوں۔
مزید پڑھیں: ملتان ایئرپورٹ کے عملے نے دیانت داری کی مثال قائم کر دی
نوٹم کے مطابق، یہ تعطل تقریباً دو گھنٹے جاری رہے گا اور اس دوران اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف دونوں بند رہیں گے۔ مسافروں اور ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے شیڈول میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے بروقت معلومات حاصل کریں۔
PAA نے مزید کہا کہ فلائٹ آپریشن معطلی کی وجہ سے مسافروں کی سہولت اور ایئر ٹریفک کی حفاظت کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ ایئرلائنز اور مسافر دونوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بروقت ایئرپورٹ پہنچیں اور اپنی فلائٹس کے شیڈول کی تصدیق کریں۔
حکام نے یقین دلایا ہے کہ معطل شدہ دو گھنٹے کے بعد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دیا جائے گا اور مسافروں کی حفاظت اور پروازوں کی روانگی کو یقینی بنایا جائے گا۔




















