فروری 2026 کے دوران پاکستان میں خالص غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 214 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو جنوری 2026 کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2026 میں خالص غیر ملکی سرمایہ کاری 173 ملین ڈالر تھی، تاہم فروری میں ماہانہ بنیادوں پر اس میں واضح بہتری دیکھی گئی۔
مرکزی بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پاکستان میں مجموعی ایف ڈی آئی 1 ارب 19 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی۔
تاہم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تقریباً 33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق فروری 2026 میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے بڑے ممالک میں چین، ہانگ کانگ اور سوئٹزرلینڈ شامل رہے۔
شعبہ وار بنیاد پر پاور سیکٹر اور فنانشل بزنسز میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری آئی۔
دوسری جانب فروری 2026 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 427 ملین ڈالر سرپلس رہا، جبکہ گزشتہ سال فروری 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ 85 ملین ڈالر خسارے میں تھا۔
اسی طرح جنوری 2026 میں کرنٹ اکاؤنٹ 68 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر کرنٹ اکاؤنٹ 700 ملین ڈالر خسارے میں رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 479 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال میں بیرونی ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث کرنٹ اکاؤنٹ مجموعی طور پر خسارے میں چلا گیا۔

















