Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کارگو کمپنی کے اضافی لاجسٹک چارجز، گوشت برآمدات کو خطرہ

پاکستان میٹ ایکسپورٹرز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن نے صورتحال پر وزارتِ تجارت کو خط لکھ دیا

کارگو کمپنی کی جانب سے فی کلو اضافی چارج عائد کرنے پر برآمدکنندگان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی مداخلت کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں کارگو کمپنی کی جانب سے گوشت کی برآمد پر 50 روپے فی کلو اضافی لاجسٹک چارج عائد کر دیا گیا ہے، جس پر برآمدکنندگان نے سخت ردعمل دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چارج ادا نہ کرنے کی صورت میں گوشت کی کھیپ روکنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

پاکستان میٹ ایکسپورٹرز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن نے اس اقدام کے خلاف وزارتِ تجارت کو خط لکھ دیا ہے، جس میں فوری مداخلت اور اضافی چارجز واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: چین میں پاکستانی گوشت کی مانگ میں اضافہ، 7.5 ملین ڈالر کا آرڈر مل گیا

ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عبدالحنان کا کہنا ہے کہ 50 روپے فی کلو یعنی تقریباً 180 ڈالر فی ٹن اضافے سے لاجسٹکس اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے عالمی منڈی میں پاکستانی گوشت کی مسابقت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ برآمدی لاگت بڑھنے سے بیرون ملک خریدار متبادل سپلائرز کی طرف جا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ایکسپورٹ متاثر ہوگی بلکہ پاکستان کی سپلائی چین کی ساکھ اور زرمبادلہ آمدن بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

ایسوسی ایشن نے وزیراعظم سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو گوشت کی برآمدات کی ترقی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔