ہائی اوکٹین پر لیوی میں اضافے کے بعد وزیراعظم نے ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔
وزیر اعظم نے ہائی اوکٹین فیول پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں ایک اور اہم اقدام کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پابندی فی الفور نافذ العمل ہوگی۔ اگر کسی سرکاری محکمے کی گاڑی میں ہائی اوکٹین ایندھن کا استعمال ناگزیر ہو تو متعلقہ اہلکار اسے اپنے ذاتی اخراجات سے استعمال کر سکتا ہے، تاہم سرکاری خرچ پر ہائی اوکٹین کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار
ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے اور تمام وفاقی محکمے، اتھارٹیز اور ذیلی ادارے اس پر فوری اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن پر 50٪ کٹوتی اور 60٪ گاڑیوں کو گراونڈ کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے کی گئی بچت عوام کو ریلیف دینے اور سستا تیل فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس اقدام سے حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی اور عوامی وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوگا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پابندی کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔




















