Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین ایف بی آر کا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، تاجروں سے اہم ملاقات

تمام ٹیکس ریفنڈ کلیمز کو قواعد و ضوابط کے مطابق جلد نمٹایا جائے گا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرا دی۔

دورے کے موقع پر ممبر کسٹمز آپریشنز، چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ (ساؤتھ) اور چیف کمشنر ایل ٹی او کراچی بھی چیئرمین ایف بی آر کے ہمراہ تھے۔

کراچی چیمبر کے سینئر نمائندوں نے کاروباری برادری کو درپیش ٹیکس اور تجارتی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی، جس پر چیئرمین ایف بی آر نے متعلقہ افسران کو فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کا کہنا تھا کہ ادارہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور تمام ٹیکس ریفنڈ کلیمز کو قواعد و ضوابط کے مطابق جلد نمٹایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واجب الادا ٹیکسز کی وصولی قانون کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ٹیکس دہندگان کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں اور کاروباری ماحول کو سہل بنایا جائے۔

چیئرمین ایف بی آر نے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کرپشن کی اطلاع مستند شواہد کے ساتھ دی جائے، ملوث افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔