Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں پیٹرول کی دستیابی تسلی بخش قرار، ڈیزل کے ذخائر بھی 24 دن کے موجود

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی مستحکم ہے

اسلام آباد: کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں پیٹرول کی دستیابی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیزل کے ذخائر بھی 23 سے 24 دن کے موجود ہیں۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور فیول اسٹاکس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم سپلائی مستحکم ہے۔ ڈیزل کے ذخائر 23 سے 24 دن کے لیے کافی ہیں جب کہ پیٹرول کی دستیابی تسلی بخش قرار دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ خام تیل کے ذخائر 11 دن کے لیے موجود ہیں اور مزید کارگو پاکستان کے لیے روانہ ہیں۔ اپریل کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے اور وافر سپلائی دستیاب ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور پریمیم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

کمیٹی نے حکومت کی جانب سے تیل کے لیے سستے معاہدوں کے ذریعے درآمدات جاری رکھنے کے فیصلے کی توثیق کی۔ ریفائنریز کو مکمل استعداد پر چلانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں حالیہ ہفتوں میں اضافے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ذخیرہ اندوزی روکنے اور سپلائی بہتر بنانے کے لیے سخت نگرانی کی ہدایت کی۔

فیول سپلائی چین کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی سطح پر اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر بنانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ اجلاس میں شپنگ اور انشورنس سمیت درآمدی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عوام پر بوجھ کم رکھتے ہوئے فیول کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔ مشکل عالمی حالات کے باوجود ملکی سپلائی صورتحال مستحکم ہے۔