Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترسیلات زر میں 10.5 فیصد اضافہ، برآمدات میں 5.4 فیصد کمی

وزارت خزانہ نے مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کی معاشی کارکردگی پر آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کی معاشی کارکردگی پر ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ترسیلات زر میں 10.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس دوران ترسیلات زر کا حجم 26.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تاہم برآمدات میں 5.4 فیصد کمی آئی اور جولائی تا فروری ملکی برآمدات کا حجم 20.7 ارب ڈالر رہا۔

درآمدات میں 8.8 فیصد اضافے سے 41.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ جولائی تا فروری کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر 70 کروڑ ڈالر پر آگیا۔

بیرونی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ ذخائر

براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 33 فیصد کمی سے 1.19 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 70 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا۔ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 16.4 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

ٹیکس ریونیو اور مالیاتی اعدادوشمار

آٹھ ماہ میں ٹیکس ریونیو گزشتہ سال کے مقابلے 10.6 فیصد بڑھ کر 8 ہزار 122 ارب روپے رہا۔ نان ٹیکس ریونیو میں 7.4 فیصد اضافے سے 4 ہزار 41 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔

جولائی تا فروری مالی خسارہ 64.7 ارب روپے رہا جب کہ پرائمری بیلنس 4 ہزار 151 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

زرعی قرضے اور صنعتی پیداوار

سات ماہ میں زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا جنوری زرعی قرضوں کا حجم ایک ہزار 649 ارب روپے رہا۔ اس دوران نجی شعبے کو بینکوں نے 887 ارب روپے قرضے فراہم کیے۔

جولائی تا جنوری بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.75 فیصد بہتری آئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 24.6 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس ایک لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرگیا۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں ماہ مہنگائی 7.5 فیصد سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔