کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ نیپا چورنگی کی عدالتی انکوائری کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت کے لیے پانچ دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
یہ درخواست سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے دائر کی ہے، جس میں میئر کراچی اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیشن جج کے ذریعے واقعے کی انکوائری کرائی جائے اور میئر کراچی اور 25 ٹاؤن چیئرمینوں سے کھلے مین اور دیگر متعلقہ ریکارڈ طلب کیے جائیں۔
درخواست میں عدالت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ذمے داروں کا تعین کرکے مناسب کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب کھلے گٹر میں گرنے والے 3 سالہ ابراہیم کی لاش 14 گھنٹے بعد جائے حادثہ سے ایک کلو میٹر دور نالے سے ملی تھی، عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ بلاک کردیا تھا جبکہ مشتعل افراد نے میڈیا اور پولیس پر حملہ کرتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے تھے۔



















