لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، جس میں وفاقی حکومت اور اوگرا کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں، پاکستان میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں دیا جا رہا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے اور کم کرنے کا میکنزم طلب کیا جائے اور عدالت قیمتیں کم کرنے اور عوام کو براہ راست فائدہ دینے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ حکومت نے رمضان المبارک سے قبل صارفین پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈال دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے بڑھادیے ہیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل فی لیٹر قیمت 253 روپے 17 پیسے تھی۔




















