معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے 100 روز بعد خاموشی توڑتے ہوئے اپنی گرفتاری اور بعد ازاں پیش آنے والے حالات سے مداحوں کو آگاہ کر دیا۔
طویل غیر حاضری کے بعد ڈکی بھائی کی یوٹیوب پر جاری کی گئی نئی ویڈیو نے مداحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ڈکی بھائی نے جوئے کی ایپس کیس میں گرفتاری کے بعد گزرے دشوار ترین ایام کا ذکر کرتے ہوئے کئی بار جذبات پر قابو کھو دیا۔
ویڈیو کے آغاز میں ڈکی بھائی نے واضح کیا کہ میری اس ویڈیو کا مقصد اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو جواز فراہم کرنا نہیں ہے، اگر میرے کسی بھی کانٹینٹ نے کسی فرد یا معاشرے پر منفی اثر ڈالا ہے تو میں پوری قوم سے دل سے معافی مانگتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گزشتہ چند ماہ ان کی زندگی کے مشکل ترین دنوں میں شامل رہے جن میں قانونی پیچیدگیاں، عوامی ردِعمل اور شدید تنہائی جیسے چیلنجز شامل تھے۔
مزید پڑھیں: گرفتاری سے رہائی تک 100 دن؛ ڈکی بھائی نے بڑا اعلان کردیا
انہوں نے بتایا کہ حراست میں گزارا گیا وقت ذہنی اور جسمانی طور پر انتہائی تکلیف دہ تھا۔ نیند کی کمی، ذہنی دباؤ اور مستقبل کے خوف نے انہیں بری طرح متاثر کیا۔ تاہم گھر واپسی نے انہیں نئی ہمت اور سکون بخشا۔
ڈکی بھائی نے دعویٰ کیا کہ این سی سی آئی اے نے میرا 23 روزہ ریمانڈ لیا، حالانکہ میں نے پہلے ہی دن تمام معلومات، ڈیوائسز اور اکاؤنٹس کے پاسورڈ فراہم کر دیے تھے، مکمل تعاون کے باوجود مجھے تشدد اور گالیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ ان میں سے کئی بے بنیاد تھیں، قانونی کارروائی متاثر ہونے کے خدشے کے باعث میں پہلے خاموش رہا لیکن اب مراحل مکمل ہونے کے بعد میں نے اصل صورتِ حال بیان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آخر میں ڈکی بھائی نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئے عزم کے ساتھ دوبارہ کام کا آغاز کر رہے ہیں اور جلد نیا مواد اور منصوبے سامنے لائیں گے۔















