Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ثنا یوسف قتل کیس میں پیشرفت ، مزید 2 گواہوں کے بیانات قلمبند

مجموعی طور پر 16 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے،مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل  کیس میں استغاثہ کے مزید 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔

کارروائی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی ۔  سرکاری وکیل راجہ نوید حسین عدالت میں موجود تھے۔

دفاع کے وکلا کی جانب سے آج گواہوں پر جرح نہیں کی جا سکی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ملزم عمر حیات پر ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں بھی فردِ جرم عائد کردی۔

اب تک کیس میں مجموعی طور پر 16 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت 20 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ رواں برس 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کوگھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔