برطانیہ میں چونکا دینے والا واقعہ سامنے آ گیا، جہاں ماحولیاتی تنظیم جسٹ اسٹاپ آئل کے دو کارکنان نے معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے نجی طیارے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر انجام توقع کے برعکس نکلا۔
کارکنان نے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی حصار کو توڑ کر طیاروں پر نارنجی پینٹ اسپرے کیا، مگر بعد میں معلوم ہوا کہ جن جہازوں کو رنگا گیا وہ ٹیلر سوئفٹ کے نہیں تھے!
عدالت نے دونوں کو مجرم تو قرار دیا، لیکن جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجنے کے بجائے معطل سزائیں سنا دیں۔ جج کا کہنا تھا کہ یہ سب شہرت حاصل کرنے کی کوشش تھی اور ٹیلر سوئفٹ سے بڑا نام آخر ہو بھی کیا سکتا ہے؟
اس احتجاج پر ہزاروں پاؤنڈ کا نقصان ہوا، طیاروں کی صفائی، انجینئرنگ جانچ اور ایئرپورٹ باڑ کی مرمت پر خطیر رقم خرچ ہوئی۔
عدالت نے ملزمان کی ذہنی حالت اور آٹزم سے متعلق رپورٹس کو بھی مدنظر رکھا، جبکہ دونوں پر ایئرپورٹ میں داخلے کی پابندی عائد کر دی گئی۔
کارکنان کا دعویٰ ہے کہ یہ سب ماحولیاتی بحران کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے تھا نہ کہ عام لوگوں کو نقصان پہنچانے کے لیے۔














