Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حجاب کی بے حرمتی پر راکھی ساونت پھٹ پڑیں، بھارتی وزیراعلیٰ کو آئینہ دکھادیا

نتیش کمار کو چاہیے کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں سب کے سامنے معافی مانگیں، راکھی ساونت

ممبئی: بھارتی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے بھارت کی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلمان خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر سخت ردعمل دے دیا۔

راکھی ساونت حالیہ دنوں میں اسلام قبول کرنے اور عمرہ ادا کرنے کے باعث خبروں میں رہی ہیں۔ انہوں نے بھارت میں ایک مسلمان خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو اسلاموفوبیا قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاتون کے حق میں آواز اٹھائی۔

راکھی ساونت نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام کے ذریعے نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلام میں خواتین کے لیے حجاب پہننا ایک مذہبی فریضہ ہے اور کسی بھی مسلمان خاتون کا حجاب زبردستی اتارنا سراسر بے حرمتی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔

راکھی ساونت نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی کسی ہندو مرد کی دھوتی زبردستی کھینچ لے تو کیا وہ اسے برداشت کرے گا؟، کسی کے مذہبی لباس اور روایات کا احترام ہر حال میں لازم ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نتیش کمار کو چاہیے کہ وہ ایک پریس کانفرنس میں سب کے سامنے معافی مانگیں اور اس پریس کانفرنس میں خاتون کو بھی مدعو کریں۔

راکھی ساونت کے اس جرات مندانہ مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے جب کہ کئی صارفین نے انہیں ایک نڈر اور بہادر خاتون قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ ایک سرکاری تقریب کے دوران نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون کو ایوارڈ دیتے وقت سب کے سامنے ان کا حجاب زبردستی کھینچ کر نیچے کردیا تھا جس پر تقریب میں موجود افراد بھی حیران رہ گئے تھے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آرہا ہے اور اسے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی کھلی توہین قرار دیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا اور اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویوں پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔