سال 2025 شوبز انڈسٹری کے لیے ایک ایسا سال ثابت ہوا جس میں خوشیوں اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ دکھ، صدمے اور ناقابلِ تلافی نقصان کی تلخ یادیں بھی شامل رہیں، جہاں کئی فنکاروں نے اس سال نمایاں کامیابیاں سمیٹیں، وہیں متعدد نامور شخصیات ہمیشہ کے لیے ہم سے جدا ہوگئیں۔
رواں سال پاکستانی شوبز انڈسٹری کو جن واقعات نے سب سے زیادہ جھنجھوڑ کر رکھ دیا، ان میں دو افسوسناک اموات خاص طور پر نمایاں رہیں۔
ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عائشہ خان کی 20 جون 2025 کو کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع ان کے فلیٹ سے کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔

پڑوسیوں کی جانب سے تعفن محسوس ہونے پر پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد فلیٹ کا دروازہ توڑنے پر یہ دل دہلا دینے والا انکشاف سامنے آیا۔
اسی طرح 8 جولائی 2025 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی ناقابلِ شناخت لاش ملی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کا انتقال 7 اکتوبر کو ہوا تھا اور لاش تقریباً نو ماہ پرانی تھی، ان کی تدفین 11 جولائی کو آبائی شہر لاہور میں کی گئی، جبکہ پولیس تحقیقات کے بعد موت کو طبعی قرار دیا گیا۔
سال 2025 میں شوبز انڈسٹری سے سب سے پہلے رخصت ہونے والی معروف شخصیت کامیڈین جاوید کوڈو تھے، جو اپریل میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

اپنے آخری انٹرویو میں انہوں نے شوبز ساتھیوں کی جانب سے مدد نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں امید تھی دوست مشکل وقت میں ساتھ دیں گے، مگر شاید سب مہنگائی کے باعث خود مشکلات کا شکار ہیں۔
3 مئی 2025 کو پاکستانی فلم اسٹار اور سپر ماڈل ایمان علی کی والدہ اور مرحوم اداکار عابد علی کی اہلیہ، سابق معروف اداکارہ حمیرا عابد بھی انتقال کر گئیں، جنہوں نے پی ٹی وی کے سنہرے دور میں شوبز میں اپنی پہچان بنائی۔

30 ستمبر 2025 کو کامیڈین، تھیٹر، ٹی وی اور فلم کے نامور فنکار لکی ڈیئر لاہور میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ 60 سالہ فنکار گزشتہ آٹھ ماہ سے پھیپھڑوں اور ذیابیطس کے عارضے میں مبتلا تھے اور میو اسپتال میں زیرِ علاج رہے۔
یکم ستمبر کو معروف فلم، ٹی وی اور اسٹیج اداکار انور علی بھی طویل بیماری کے باعث انتقال کر گئے، جو پھیپھڑوں، گردوں، دل اور فالج کے عوارض میں مبتلا تھے۔

اسی سال 4 نومبر 2025 کو پاکستان فلم انڈسٹری کے معتبر پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر چوہدری کامران اعجاز برین ہیمرج کے باعث وفات پا گئے جبکہ سینئر فلم رائٹر محمد کمال پاشا 3 اکتوبر 2025 کو طویل علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

محمد کمال پاشا نے 300 سے زائد فلموں کے اسکرپٹس تحریر کیے اور ان کی کہانیاں معاشرتی مسائل، غربت، محبت، اخلاقی زوال اور انسانی المیے کی بھرپور عکاسی کرتی رہیں۔

سال 2025 میں شوبز سے رخصت ہونے والی یہ تمام شخصیات انڈسٹری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ثابت ہوئیں، جن کا فن، خدمات اور یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
















