کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے لیجنڈری مزاحیہ اداکار معین اختر کے مداح آج ان کا 75 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔
معین اختر 24 دسمبر 1950 میں شہرِ کراچی میں پیدا ہوئے، معین اختر ایک عہد ساز اور متاثر کن شخصیت کے مالک تھے، فن کا شاید ہی کوئی ایسا باب ہے جو انہوں نے رقم نہ کیا ہو۔
وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک باصلاحیت اداکار، فلم اور اسٹیج کے بے تاج بادشاہ، مزاح نگار، میزبان، مصنف، گلوکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر تھے۔
اس عظیم فنکار نے اپنے کیرئیر کا آغاز 60 کی دہائی میں شروع کیا اور پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
تاہم انو مقصود اور بشریٰ انصاری کے ساتھ کیا جانے والا کام انہیں شہرت کی بلندیوں تک لے گیا۔
حیرت انگیز طور پر معین اختر اُردو، انگریزی، پشتو، سندھی، گجراتی، پنجابی اور بنگالی سمیت کئی زبانوں پر مکمل عبور رکھتے تھے۔
معین اختر کوفن کی خدمت کے صلے میں صدراتی تمغہ برائے حسن کاکردگی سمیت کئی قومی اور بین اقوامی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فن کا یہ عظیم باب 22 اپریل 2011 میں ہمیشہ کے لئے بند ہوگیا لیکن معین اختر اپنے فن کے ذریعے آج بھی سب کے دلوں میں زندہ ہیں۔
















