پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی نے اپنی دوسری شادی سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی ہے۔
حال ہی میں آغا علی ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ذاتی زندگی اور شادی کے تصور پر کھل کر گفتگو کی۔
دوسری شادی سے متعلق سوال کے جواب میں آغا علی نے کہا کہ اگر شادی کامیاب ہوجائے تو یہ زندگی کی سب سے خوبصورت چیز ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو محبت کرنے والے ساتھیوں سے بہتر کوئی رشتہ نہیں، تاہم بعض اوقات لوگ کچھ عرصہ خوشی سے ساتھ رہنے کے بعد علیحدگی اختیار کر لیتے ہیں اور ایسی صورت میں آگے بڑھ جانا چاہیے۔ علیحدگی کے بعد دوبارہ شادی کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
آغا علی نے واضح کیا کہ فی الحال وہ شادی کے بارے میں سنجیدگی سے نہیں سوچ رہے لیکن جب بھی ایسا کوئی فیصلہ کریں گے تو اپنے مداحوں کو ضرور آگاہ کریں گے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں دوبارہ شادی کریں گے کیونکہ ان کے نزدیک مرد اور عورت دونوں کے لیے شادی ایک فطری اور حتمی حقیقت ہے اور زندگی شریکِ حیات کے ساتھ ہی مکمل ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ آغا علی نے 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی تھی۔ 2022 میں دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں جنہیں ابتدا میں آغا علی نے مسترد کیا۔
بعد ازاں دونوں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی، تاہم 2024 میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران آغا علی نے اپنی طلاق کی تصدیق کر دی تھی۔














