Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور میں محفوظ بسنت مہم عروج پر، شوبز شخصیات بھی شامل

شہر بھر میں محفوظ بسنت مہم کے تحت 100 روڈ سیفٹی کیمپس قائم کیے گئے ہیں

 بسنت کے موقع پر شہریوں خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے حکومتِ پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی محفوظ بسنت مہم میں شوبز شخصیات بھی شامل ہو گئیں۔

پاکستان کے معروف اداکار اورنگزیب لغاری نے کینال روڈ پر انتظامیہ کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز لگانے کی عملی مہم میں شرکت کی۔

اس موقع پر اورنگزیب لغاری نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کا یہ اقدام قابلِ تحسین ہے اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بسنت ایک خوبصورت اور ثقافتی تہوار ہے جسے انتظامیہ اور شہری مل کر محفوظ اور کامیاب بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بسنت کے حوالے سے جاری قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

کینال روڈ پر جاری اس مہم میں تحصیل انتظامیہ شالامار اور ٹریفک پولیس کے افسران بھی شریک تھے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو موقع پر ہی فری سیفٹی راڈز فراہم کر کے نصب کیے گئے۔

انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں محفوظ بسنت مہم کے تحت 100 روڈ سیفٹی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو بسنت قوانین اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

 خصوصی مہم کے دوران شہریوں، بالخصوص بائیکرز کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے تحت محفوظ بسنت کو یقینی بنانے کیلئے 10 لاکھ سے زائد فری سیفٹی راڈز موٹر سائیکلوں پر لگائے جا رہے ہیں، تاکہ پتنگ بازی کے دوران حادثات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں