جنوبی کوریا کے معروف اداکار جنگ ایون وو 39 برس کی عمر میں انتقال کر گئے جبکہ ان کی سوشل میڈیا پر کی گئی آخری پوسٹ مداحوں میں تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار کا اصل نام جنگ ڈونگ جن تھا، جنہوں نے 2006 میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور کم وقت میں کوریائی ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام بنا لیا۔
جنگ ایون وو کو خاص طور پر مشہور ڈرامہ ’ویلکم ٹو ویکیکی‘ میں ادا کیے گئے کردار کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچان ملی، تاہم ان کی اچانک موت کی خبر نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔
View this post on Instagram
رپورٹ کے مطابق اداکار کے انتقال کی خبر 11 فروری 2026 کو سامنے آئی لیکن تاحال ان کی وفات کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
جنگ ایون وو نے اپنے طویل کیریئر کے دوران کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی جن میں ’برائڈ آف دی سن‘، ’فائیو فنگرز‘، ’ون ویل رائزڈ ڈاٹر‘ اور ’می اونلی ون‘ شامل ہیں۔
اداکار کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر مداح ان کی یاد میں جذباتی پیغامات شیئر کر رہے ہیں جبکہ ان کی آخری پوسٹ کو بھی بڑی تعداد میں لوگ ری شیئر کر رہے ہیں۔

















