Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لیجنڈری صداکار ضیاء محی الدین کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے

ضیاء محی الدین کی آواز اور فن آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے

بین الاقوامی شہرت یافتہ صداکار اور اداکار ضیاء محی الدین کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے۔

ضیاء محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا اور بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے آسٹریلیا اور پھر انگلستان کا رخ کیا۔

انہوں نے رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ لندن سے اداکاری، صداکاری اور ہدایتکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی۔

ضیاء محی الدین نے کئی برس تک برطانیہ میں فن کے جوہر دکھائے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی اور معروف ہدایتکار ڈیوڈ لین کی شہرہ آفاق فلم ’لارنس آف عربیہ‘ میں بھی کام کیا، جہاں انہیں ہالی ووڈ کے نامور اداکاروں کے ساتھ اداکاری کا موقع ملا۔

پاکستان میں انہیں سب سے زیادہ شہرت ’دی ضیاء محی الدین شو‘ سے ملی، جس کی میزبانی انہوں نے 1969 سے 1973 تک کی اور یہ پروگرام اپنی نوعیت کے منفرد انداز کے باعث بے حد مقبول ہوا۔

ضیاء محی الدین نے پی ٹی وی پر کئی یادگار پروگرام پیش کیے جبکہ فلمی دنیا میں بھی انہوں نے اپنی اداکاری سے منفرد مقام بنایا۔ وہ پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر بھی رہے اور بعد ازاں کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جہاں وہ صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

حکومتِ پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ امتیاز (2003) اور ہلالِ امتیاز (2012) سے نوازا جبکہ انہیں مختلف بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل ہوئے۔

ضیاء محی الدین 13 فروری 2023 کو کراچی میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے، تاہم ان کی آواز اور فن آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔