Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ندا یاسر نے اپنے بچوں کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی وجہ بتادی

بچے تنقید اور ٹرولنگ کو سمجھنے اور اسے برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے

پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سوشل میڈیا سے دور کیوں رکھتی ہیں اور ان کی تصاویر شیئر کرنے سے گریز کیوں کرتی ہیں۔

حال ہی میں ندا یاسر نے ایک شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فنی کیریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

ندا یاسر نے بتایا کہ جب ان کے بچے نوعمری میں داخل ہوئے تو انہوں نے ایک موقع پر فیملی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ بعد ازاں ان کے بیٹے نے وہ تصاویر اپنے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کردیں، جس کے بعد بچوں کے بارے میں منفی تبصرے سامنے آئے۔

ندا یاسر کے مطابق ان منفی تبصروں نے میرے بچوں کو دلبرداشتہ کر دیا کیونکہ بچے ابھی اس طرح کی تنقید اور ٹرولنگ کو سمجھنے اور برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ میرے اور یاسر کے پروفیشن کا یہ حصہ ہے کہ ہمیں لوگوں سے محبت بھی ملتی ہے اور تنقید بھی برداشت کرنی پڑتی ہے جبکہ بچے اس صورتحال کو ذہنی طور پر قبول نہیں کر پاتے۔

ندا یاسر نے بتایا کہ اسی وجہ سے میں نے اپنے بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کر دیں تاکہ انہیں ٹرولنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میزبان نے مزید بتایا کہ میرا کا چھوٹا بیٹا بالاج ابھی کم عمر ہے اور سوشل میڈیا کی منفی باتوں سے بے خبر ہے، تاہم ایک بار اس کے لمبے بالوں پر بھی تنقید کی گئی جس کے بعد اس نے بال کٹوا لیے۔

ندا یاسر کا کہنا تھا کہ جب بالاج بڑا ہوجائے گا اور کمنٹس و سوشل میڈیا کی حقیقت کو سمجھنے لگے گا تو میں اس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرنا بند کردوں گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرا بڑا بیٹا فلم میکنگ میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس وقت اسی شعبے میں تعلیم حاصل کر رہا ہے۔